Ilhami Batien (الہامی باتیں اور دُعائیں)

الہامی باتیں اور دُعائیں

یا اللہ مجھے علم ہو گیا ہے کہ کل قیامت والے دن شفاعت نبی کریم ﷺ نے کرنی ہے، اور اُس سے پہلے نیک لوگ بابا آدم علیہ السلام سے ہوتے ہوئے سیدنا عیسی علیہ السلام تک آئیں گے اور پھر نبی کریم ﷺ کے پاس آئیں گے۔ یا اللہ میری دعا ہے کہ اُس نفسا نفسی میں مجھے نبی کریم ﷺ کے ساتھ ہی رکھنا تاکہ نفسا نفسی اور محشر کے عذاب سے محفوظ رہوں۔
یا اللہ تیرے شکر گذار بندے تھوڑے ہی ہیں، مجھے ان بندوں میں شمار فرمانا جو پریشانی، مصیبت، دُکھ، موت پر صبر کر کے تیرا ساتھ مانگتے ہیں اور اُس میں بھی انا للہ و انا الیہ راجعون کے ساتھ ساتھ الحمد للہ بھی پڑھتے ہیں۔
یا اللہ تقریبا ہر بندہ یہ روتا ہے کہ اُس کے ساتھ کوئی دینے والا نہیں ہے لیکن یا اللہ مجھے ایسی طاقت عطا فرما کہ میں اس حالت میں ہوں کہ محسوس کررہا ہوں کہ تیرے قُرب میں ہوں، کوئی دوری نہیں، بلکہ اپنی جان سے زیادہ تجھے قریب جان کر عبادت کروں۔
یا اللہ اس دنیا میں دنیا کی رونقوں سے دل سیاہ ہو جاتا ہے اور اُس میں نور نیک لوگوں کے تذکرے سے پیدا ہوتا ہے، اسلئے ہمیشہ انبیاء کرام، صجابہ کرام، شہدا اور صالح لوگوں کے تذکرے کر کے اپنے دل میں نور پیدا کرتا رہوں۔
یا اللہ فرشتوں کو تو نے اپنی عبادت میں لگا رکھا ہے اور جو سجدے میں ہے وہ سجدے میں ہی مزہ لے رہا ہے، جو رکوع میں ہے وہ رکوع میں مزے لے رہا ہے، یا اللہ اُن کے اوپر جو نورارنی کیفیت، تیری عظمت و جلال کا اثر، تیری محبت کا اثر اور تیری توجہ ہے اُس میں سے ہمیں بھی حصہ ملے تاکہ بشری تقاضے کم ہو جائیں اور روحانی و ایمانی قوت زیادہ ہو جائے۔
یا اللہ زندگی میں سب سے بڑا مشن اپنی اصلاح کرنا ہے اور دوسروں کو اچھی صلاح دینا ہے، یا اللہ اصلاح وہی کرتا ہے جو اصلاح یافتہ ہو، اسلئے اصلاح یافتہ لوگوں میں ہمیں بھی شمار فرما تاکہ ہم دوسروں سے صلاح لے کر مزید ترقی کریں۔
یا اللہ اس دنیا میں سب سے بڑا منصوبہ اور کام تجھے جاننا، تجھے ماننا، تجھے چاہنا، تیرے لئے کچھ کر جانا، تیرے لئے کچھ سہہ جانا، تیرے لئے کچھ کہہ جانا ہے، یا اللہ جس دن دین کی بات نہ کروں وہ میری موت کا دن ہو۔ جس دن تیرا ذکر نہ ہو وہ دن میری زندگی میں کبھی نہ آئے۔
We will be happy to hear your thoughts

Leave a reply

Aik Ummat Banno
Logo
Enable registration in settings - general