حضورﷺ کی قبر انور
شعب الایمان 4154:جس نے میری وفات کے بعد حج کیا پھر میری قبر کی زیارت کی گویا اُس نے میری زندگی میں میری زیارت کی۔ دار قطنی 2669: جو میری قبر کی زیارت کرے اس کے لئے میری شفاعت واجب ہے۔ معجم کبیر 13149: جو میری زیارت کو آئے سوا میری زیارت کے اور کسی حاجت کے لئے نہ آیا تو مجھ پر حق ہے کہ قیامت کے دن اس کا شفیع بنوں۔
سوال: اس وقت تو قبر انور نظر نہیں آتی تو کیا ان احادیث کے مطابق شفاعت ہو گی؟
حقیقت: حضورﷺ کی قبر انور سیدہ عا ئشہ کے حجرے میں بنی تھی جو درخت کے تنے کا تھا تو 17ھ میں سیدنا عمر نے چار دیواری بنا دی۔ 91 ھ میں حضرت عمر بن عبدالعزیر نے چار دیواری کے ارد گرد پانچ کونے والی دیوار بنوائی، یہ دیوار اسلئے پانچ کونوں والی تھی تاکہ خانہ کعبہ سے مشابہت نہ ہو۔ پانچ کونوں والی دیوار کمزور ہونے کی وجہ سے 881ھ میں اس پانچ کونوں والی دیوارکے ارد گرد پھر پانچ کونوں والی دیوار بنائی گئی جس کے اوپر سبز رنگ کا غلاف ہے جو سنہری جالیوں کے اندر سے نظر آتا ہے۔
جھوٹ: بہت سے دفاتر میں خوبصورت قبر جس کے ارد گرد سٹیل کے پائپ پر دستار نظر آتی ہے اور عوام سمجھتی ہے کہ یہ رسول اللہ کی قبر انور ہے حالانکہ یہ جھوٹ ہے، رسول اللہ کی قبر انور پانچ کونوں والی بند دیوار کے اندر ہے جس کے اندر صدیوں سے کوئی مسلمان نہیں گیا کیونکہ دروازہ بھی نہیں ہے۔
سنہری جالیاں: پانچ کونوں والی دیوار مسجد نبوی کے اندر سنہری جالیوں کے اندر ہے جس پر غلاف پڑا ہوا ہے۔ جب بھی مسلمان جاتے ہیں تو وہ جالیوں کے اندر قبر تلاش کر رہے ہوتے ہیں حالانکہ قبر انور تو صدیوں سے دیواروں کے اندربہت نیچے ہے۔ اسلئے علماء کرام نے فرمایا کہ موجودہ دور میں جالیوں کی زیارت ہی قبر کی زیارت ہے، اسی طرح جالیوں کے اندر حضور ﷺ کی قبر کو نہیں بلکہ حضور ﷺ کو محسوس کرکے درود و سلام پیش کرنا ہے۔
چیچن صدر: مسجد نبوی کی زیارت کرنےوالے غورکریں تو معلوم ہو گا کہ مسجد نبوی میں قبلہ کا رُخ مغرب کی طرف نہیں بلکہ جنوب کی طرف ہے ۔ رسول اللہ ﷺ کا روضہ مبارک ایک بڑے ہال کمرے میں ہے جس کا دروازہ مشرقی جانب ہے یعنی جنت البقیع کی طرف جو خاص شخصیات کے لئے کھولا جاتا ہے جیسا کہ حال ہی میں چیچن صدر کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس کا لنک کمنٹ سیکشن میں موجود ہے اور ساتھ ہی سعودی عرب نے 3D میں روضہ رسول کی ویڈیو بھی موجود ہے۔
گنبد خضراء: مسلمان محبوب کی قبر انور پر منتیں ماننے نہیں جاتے بلکہ صرف محبوب کی بستی میں محبوب کے پاس چند سانس لینے جاتے ہیں تاکہ محبوب کی شفاعت ملے۔ حضورﷺ کا گنبد خضراء، ریاض الجنتہ، سنہری جالیاں دیکھنا اور حضورﷺ کو سلام پیش کرنا عبادت ہے۔