الوداع رمضان
یا اللہ رمضان المبارک کے مہینے میں روزے رکھنے کی توفیق دی لیکن مہربانی فرما رمضان جیسی کیفیت پوری زندگی کے لئے لکھ دے کیونکہ پوری زندگی تیری محبت کی غلامی میں بسر کرنا چاہتے ہیں، اس کی توفیق عطا فرما دے، مہربانی فرما دے توفیق عطا فرما دے۔
یا اللہ آزاد نہیں رہنا چاہتے بلکہ تیری بندگی اور نبی کریم ﷺ کی غلامی میں ساری زندگی گذارنا چاہتے ہیں۔ یا اللہ ہم پر ترس کھا لے اور یہ احسان ہم پر فرما دے اور اس احسان کا بدلہ چُکا نہیں سکتے اور نہ ہی چُکانا چاہیں گے بلکہ اس احسان کے نیچے دب کر مر جانا چاہیں گے۔
یا اللہ تیرا شُکر ہے کہ پورا رمضان تراویح کی نماز پڑھنے کی توفیق عطا فرمائی لیکن مہربانی فرما جیسے ہم نے تراویح نماز ادا کی، اسی طرح روزانہ تہجد پڑھنے کی توفیق دے دے۔ تیرے قُرب کے لئے یہ منزل ہمیں مل جائے ورنہ جو زندگی تیرے بغیر گذرے اُس پر مسکرانا کیسا اور اس میں ہنسنا کیسا۔ جو تیرے بغیر نہ جی سکے ۔۔ اُسے جینے کی سزا نہ دے۔
یا اللہ ایک سجدہ ایسا نصیب فرما کہ زمین پر پیشانی رکھیں تو زمین ہمارے جسم سے سارے گناہ چُوس لے بلکہ کرنے کی طاقت ہی نہ رہے اور کراما کاتبین نے جو بُرا لکھا سب کالے ورق سفید ہو جائیں۔ سجدے کی حالت میں ایسا محسوس ہو کہ روحانی بوجھ کوئی نہیں ہے بلکہ داغدار اور بیمار روح صاف ہونے پر تیری تجلی سے چمک رہی ہے۔ یا اللہ اگر ایک سجدہ زمین کی سات تہوں کو پاک صاف کر دیتا ہے تو اس جسم کے اندر روح کے داغ بھی دُھل جائیں۔ ایک ایسے سجدے کی التجا ہے میرے مولا
یا اللہ رمضان جانے کا دُکھ نہیں ہے کیونکہ دُکھ تو تجھ سے دُور ہونے کا ہوتا ہے اور تیری ذات اقدس تو کبھی اپنے بندوں سے دُور ہوتی نہیں بلکہ ہر وقت اور ہر لمحے اپنے بندوں کے ساتھ ہے۔ یا اللہ توفیق دے کہ تجھے اپنی شہ رگ سے زیادہ قریب محسوس کریں، احساس اس قدر شدید ہو کہ غم غم نہ لگے اور خوشی خوشی نہ لگے بلکہ خوشی اور غم سے بے نیاز ہو کر ہمیشہ تیری عبادت کر سکیں۔
یا اللہ ہر بندہ تیری ہادی اور مضل کی تجلی سے بھاگ نہیں سکتا جس کو تو گمراہ کر دے اُسے کوئی ہدایت نہیں دے سکتا اور جسے تو ہدایت دے اُسے کوئی گمراہ نہیں کر سکتا۔ یا اللہ جسم و رُوح کو ہادی کی تجلی سے منور فرما دے اور یا اللہ مضل کی تجلی کبھی گذرے تو ہدایت کے دروازے بند نہ ہوں۔
یا اللہ تیری ذات و صفات میں کوئی نبی، ولی، پیر پیغمبر شریک نہیں ہے البتہ تیری عطا سے ہر ایک کو عزت ملتی ہے، ہمیں اُن عزت والوں کے قدموں پر نثار ہونے کی توفیق عطا فرما دے۔ حضور ﷺ کی اتباع کا حُکم ہے اور جو اتباع نہ کرے وہ تباہ ہو جائے گا، یا اللہ تباہی کے دھانے پر کبھی کھڑے نہ ہوں بلکہ اتباع کا لباس پہن کر محبتی درجے پاتے نظر آئیں فاتبعونی یحببکم اللہ۔
یا اللہ قرآن و سنت میں صحابہ کرام اور اہلبیت کا نام موجود ہے اسلئے ہمارا ایمان ان کے بغیر نامکمل ہے۔ مہربانی فرما کہ ہم ان سب سے محبت کریں اور سب کا ذکر اچھے الفاظ میں کریں۔ کبھی بھی کسی بھی صحابی اور اہلبیت کی توہین کے الفاظ ہماری زبان سے نہ نکلیں۔
یا اللہ ایسا مسلمان بنا جس کے شر سے کوئی اسلام کو برا نہ سمجھے بلکہ اپنے کردار کو کچھ ایسا کریں کہ دار یعنی پھانسی پر بھی چڑھا دیا جائے تو خون کا ایک ایک قطرہ یہی کہے اللہ اللہ اللہ اللہ